کراچی: این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے پاک فوج اور رینجرز سے مدد مانگ لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے خط میں کہا ہے کہ حلقے میں حساسیت اور سیکیورٹی خدشات ہیں، الیکشن کے دوران پاک فوج اور رینجرز کے جوان تعینات کیے جائیں۔
ڈی آر او ندیم حیدر کا کہنا تھا این اے 249 حساس علاقوں پر مشتمل ہے، اس لیے پُر امن انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنز میں پاک فوج اور رینجرز تعینات کیے جائیں، تاکہ کسی بھی نا خوش گوار واقعے سے بچا جا سکے۔
الیکشن کمیشن آفس کے دروازے بند، کاغذات نامزدگی کا وقت ختم
واضح رہے کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، جن کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور 25 مارچ تک اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ ہے، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، جب کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔