اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی جائیدادوں کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔ ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ میں کل نواز شریف کی زرعی اراضی نیلام کی جائے گی، ڈی سی شیخوپورہ نے نیلامی کی تاریخ 20 مئی مقرر کر رکھی ہے۔
فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے پاس متبادل فورم موجود ہے، نیلامی رکوانے کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے، متبادل فورم موجود ہونے پر ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت یہ درخواستیں نہیں سن سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس ریلیف کے لئے متبادل فورم موجود ہیں۔