ممبئی : بھارتی فلم "رادھے” پر تنقید کرنے والوں میں سلمان خان کے مداح اور دیگر لوگ ہی نہیں بلکہ اب خود ان کے والد سلیم خان بھی شامل ہوگئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناکام ترین فلم ہے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی نئی فلم "رادھے ” مداحوں کے دل نہ جیت سکی اور تنقید کا نشانہ بنی اب سلمان خان کے والد نے ہی اس فلم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
دبنگ خان کے والد نامور اسکرین رائٹر سلیم خان نے بھی اپنے بیٹے کی فلم "رادھے” کو ناکام قرار دے دیا، اپنے ایک انٹرویو کے دوران سلیم خان نے کہا کہ دبنگ تھری سے پہلے یہ فلم ایک علیحدہ فلم ہے جبکہ "بجرنگی بھائی جان” ایک علیحدہ فلم تھی۔
سلیم خان نے کہا کہ فلموں کی کہانی سے متعلق سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے لکھنے والے اب پڑھتے نہیں، فلم انڈسٹری کے لیے اچھے لکھاری نہیں رہے۔سلیم خان نے فلم "زنجیر” کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ فلم نے ہندی سینیما کی تقدیرپلٹ دی تھی۔ اس فلم کی مدد سے فلم انڈسٹری مستحکم ہوگئی تھی لیکن اب ایسا نہیں۔
انھوں نے کہا کہ رادھے اچھی فلم نہیں ہے، لیکن کمرشل سنیما کی یہ ذمہ داری ہے اس کی وجہ سے فلم سے جڑے لوگ پیسے بناسکیں۔ سنیما لائف سائیکل اسی سے چلتی ہے اور اسی کی بنیاد پر سلمان خان نے پرفارمنس دی۔ ساتھ میں انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فلم کے اسٹیک ہولڈرز کو اس میں نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ فلم” رادھے” میں سلمان خان ایک پولیس افسر کا کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں جو اپنے طریقے سے کام کرتا ہے وہ اس فلم میں بنیادی طور پر ‘انکاؤنٹر اسپیشلسٹ’ کا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی اس فلم میں "وانٹڈ” کی جھلک اور "دبنگ” کے ڈائیلاگز کا حوالہ بھی نظر آئے گا۔
شائقین کی جانب سے پسند نہ کی جانے والی دبنگ خان کی فلم "رادھے” کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا، جیسا کہ فلم کا کورونا وبا کے باعث متاثرچہونا ہو یا ریلیزچہوتے ہی لیک ہوجانا۔
صرف یہ ہی نہیں فلم کے ریلیز ہونے کے بعد مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا جب کہ کچھ مداحوں نے تو سلمان خان سمیت فلم کی کہانی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اوریہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔