اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بیماری سے ہلاک شدہ مردہ مرغیوں سے بھرا ایک ٹرک پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، مردہ مرغیوں کو تھیلوں میں بھر کر لاہور منتقل کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس حکام نے بتایا کہ بیماری سے ہلاک مرغیوں کو مقامی پولٹری فارم سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، جب کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر پولٹری فارم مالک کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔
ملزمان نے بتایا کہ مردہ مرغیوں کو سستے داموں پولٹری فارم سے خریدا گیا، لاہور میں مردہ مرغیوں کا گوشت سستے داموں فروخت کیا جانا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں فروخت ہونے والی مرغیوں میں کرونا سے مماثلت رکھنے والی بیماری کا انکشاف ہوا تھا، جس میں مرغی کرونا جیسی علامات کا شکار ہو کر مرجاتی ہے۔
مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری پھیلنے کا انکشاف
رپورٹ کے مطابق مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھتی کوریزا نامی بیماری پھیل رہی ہے، اس بیماری سے متاثر ہونے والی مرغیوں کی حالت کرونا کے مریض کی طرح ہوتی ہیں، جس میں انھیں نزلہ، زکام، کمزوری اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اس بیماری کے انسانوں میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، کوریزا بیماری پھیلنے کے باعث کراچی کے بیش تر پولٹری فارم مالکان نے فارمز بند کر دیے تھے اور چکن وائرس کے شبہ میں شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوگئی تھی۔