جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کیلیے رقم جاری کردی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے معروف کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے رقم جاری کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ خزانہ سندھ نے لیجنڈری اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سندھ حکومت نے عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کا بھی بندوبست کردیا ہے۔

- Advertisement -

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ سندھ نے وزیر اعلیٰ کے حکم پر رقم جاری کی، رقم جاری کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے محکمہ خزانہ کو لیٹر بھیجا گیا تھا۔

عمر شریف کے علاج کے لیے جاری کی گئی رقم ایئر ایمبولینس اور دیگر اخراجات پر خرچ ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زرین عمر نے بتایا تھا کہ عمر شریف کے علاج پر اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب نے یقین دہانی کروائی ہے۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کو علاج کے لیے جلد امریکا منتقل کیا جائے گا، اہلیہ زرین عمر

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ویزا ایکسپائر ہوگیا تھا جو بحال کردیا گیا ہے، امریکا میں ڈاکٹرز کا تمام پینل بیٹھ چکا ہے جو علاج کرے گا، جلد سے جلد علاج شروع ہوگا تو ان کی صحت بہتر ہوگی۔

زرین عمر نے عوام سے درخواست کی تھی کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں نہ پھیلائی جائیں، عمر شریف کی یادداشت بالکل درست ہے جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر شریف پاکستان کا سرمایہ ہیں، انہوں نے ساری زندگی لوگوں کو خوشیاں دی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور حکومت سندھ عمر شریف کے ساتھ کھڑی ہے، امریکی حکومت نے ویزا معاملات میں بہت تعاون کیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں