نئی دہلی : بھارتی پولیس نے خواتین کی آن لائن نیلامی کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت نیرج بشنوئی کے نام سے ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی پولیس نے مسلمان خواتین کی تصاویر اور معلومات ‘بلی بائی’ نامی ویب سائٹ پر شیئر کرکے مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی کیس میں مرکزی ملزم کو دہلی سے گرفتار کرلیا ہے۔
دہلی پولیس نے مرکزی ملزم نیرج بشنوئی کو آسام سے گرفتار کیا ہے، جس نے خاتون صحافی کی تصاویر اور معلومات بلی بائی پر شیئر کرکے آن لائن نیلامی کےلیے پیش کیا تھا۔
نیرج نے اپنے نام سے ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنارکھا تھا جب کہ گیٹ ہب پر بلی بائی کے نام سے اکاؤنٹ بنایا ہوا تھا اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بُلّی بائی کے نام سے ایک ہینڈل چلا رہا تھا۔
دہلی پولیس کے سائبر سیل نے شکایت درج ہونے کے بعد کیس کی تحقیقات شروع کیں اور آسام سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ملالہ سمیت سیکڑوں مسلم خواتین کو نیلامی کیلئے پیش کرنے والا بھارتی گرفتار
خیال رہے کہ تین جنوری کو ممبئی پولیس نے بنگلور کے رہائشی 21 سالہ وشال کمار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا جو بلی بائی نامی ویب سائٹ چلا رہا تھا، گرفتار ملزم انجیئرنگ کا طالب علم ہے جسے مجسٹریٹ کورٹ نے 10 جنوری تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی پولیس نے اتراکھنڈ سے ایک خاتون کو بھی پکڑا تھا، جس وشال کمار سے بھی روابط ہیں۔
بھارت میں ملالہ سمیت 100 مسلمان خواتین نیلامی کیلئے پیش
واضح رہے کہ گٹ ہب پر بنی ویب سائٹ ‘سلی ڈیلز’ پر گزشتہ برس بھی سیکڑوں مسلمان خواتین کی تصاویر شیئر کرکے انہیں آن لائن نیلامی کےلیے پیش کیا گیا تھا۔
ایک سال کے اندر ہی نامعلوم افراد نے گٹ ہب پر ہی ایک اور ویب سائٹ ‘بلی بائی’ کے نام سے بنائی جس میں کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسفزئی سمیت 100 بااثر مسلمان خواتین کی تصاویر اور معلومات شیئر کرکے انہیں آن لائن نیلامی کےلیے پیش کیا گیا تھا۔