اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے دوران بارہ سال سے زائد عمر کے تمام طالب علموں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
این آئی ایچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، آئندہ دو ہفتوں میں تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کرونا ٹیسٹنگ میں زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بند رکھے جائیں گے، اور 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی ہوگی، جس کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں 100 فی صد طلبہ کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے گی، اور ویکسینیشن سے استثنیٰ کے لیے طلبہ کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، جب کہ ویکسینیشن نہ کرانے والے طلبہ تعلیمی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کراچی یومیہ شرح میں بدستور سرفہرست ہے، کراچی میں کرونا مثبت آنے کی شرح تقریباً 39 فی صد ہو گئی ہے، گوجرانوالہ میں شرح 15، حیدر آباد میں 14، لاہور میں تقریباً 13 فی صد،اسلام آباد میں 9، راولپنڈی میں 7.6 اور پشاور میں 7.24 فی صد رہی۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں شرح ساڑھے 18 فی صد، پنجاب میں 5، آزاد کشمیر میں 3، بلوچستان میں ڈھائی فی صد رہی، جب کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا مثبت آنے کی شرح ساڑھے 9 فی صد ہو گئی ہے۔