اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو جلسے کیلئے اسکرین لگانے کی اجازت دے دی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت امیدکرتی ہے کہ لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے پر پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عدالت میں پیش ہوئیں ، عدالت نے استفسار کیا اگر یہ پرامن احتجاج کررہے ہیں تو اس میں مسئلہ کیاہے ؟
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی 4 سے 6ہفتوں تک کی درخواست آئی ہے ، اسی وجہ سے اجازت نہیں دےسکتے۔
عدالت نے کہا یہ درخواست تو آج کے احتجاج کے لئے دائرکی گئی ہے، جب بھی انہوں نے پرامن احتجاج کرنا ہوں یہ آپ کو درخواست دیں گے۔
پی ٹی آئی وکلا سے مکالمے کہا کہ جس دن احتجاج کرنا ہوگا ضلعی انتظامیہ کو درخواست دینی ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا
ایک استدعا ہےکہ پی ٹی آئی والے نئی درخواست دیں توبہترہوگا۔
عدالت نےپی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت امیدکرتی ہے کہ لوگوں کےبنیادی حقوق متاثر نہ ہوں۔