جکارتہ: ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں میزبان انڈونیشیا کو آؤٹ کلاس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان ٹیم کی اپنے دوسرے میچ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان انڈونیشیا کیخلاف گول کی برسات کردی۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے تیرہ گول داغ کر انڈونیشیا کی دفاعی لائن کو تہس نہس کر ڈالا، پاکستان نے پہلے کوارٹر میں 4، دوسرے میں 5، تیسرے میں 3 جبکہ چوتھے کوارٹر میں ایک گول اسکور کیا۔
پاکستان کے پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ رضوان علی ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے، اعجاز، منان، رانا وحید نے دو دو گول اسکور کیے۔ مبشر علی، شان علی، غضنفر علی اور شکیل معین نے ایک ایک گول کیا تاہم انڈونیشیا کوئی گول نہ کرسکی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا ہاکی کپ: پاک بھارت میچ کا نتیجہ آگیا
گذشتہ روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کھیلے گئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا تھا، قومی ٹیم کی جانب سے واحد گول رانا عبدالوحید نے کیا۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا یہ گیارہواں ایڈیشن ہے، اس ایونٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں، پول اے میں پاکستان، بھارت، جاپان اور میزبان انڈونیشیا شامل ہیں جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔