جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

لانگ مارچ لائیو: اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کا بھرپور استقبال، ریڈزون میں فوج طلب

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت حقیقی آزادی کا مارچ کا قافلہ تمام تر رکاوٹیں عبور کرتا ہوا اسلام آباد میں پہنچ گیا ہے اور اپنی منزل ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہے جبکہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ریڈزون میں فوج طلب کر لی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک پر کپتان کے استقبال کے لیے کھڑے کارکنان، خواتین اور نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے بدترین شیلنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور مظاہرین محفوظ مقام تلاش کرتے رہے۔

ہزاروں گاڑیوں کے ساتھ کپتان کنٹینر پر سوار ہو کر اٹک پلُ کراس کر کے پنجاب سے اسلام آباد کے ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ایک طرف خیبرپختونخوا سے خود کپتان بڑے قافلے کی قیادت کر کے اپنی منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں تو دوسری جانب ملک بھر سے پی ٹی آئی کے قافلے اپنی مرکزی و صوبائی قیادت اور علاقائی عہدیدارن کے ہمراہ پیش قدمی کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

جگہ جگہ پولیس سے جھڑپوں، آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور تشدد کے واقعے پیش آئے ہیں جس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی راستوں پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا ہے فیض آباد انٹرچینج پر جھڑپیں ہوئی ہیں اور کارکن تمام رکاوٹ ہٹا کر زیرو پوائنٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پولیس نے کارکنوں کا روکنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی، گاڑیوں کے اندر شیل فائر کیے گئے جس سے سابق ارکان اسمبلی صداقت عباسی سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ بلیوایریا میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آئے اور صورتحال کیشدہ ہو گئی۔

لاہور سے سابق وفاقی وزیر حماداظہر، شفقت محمود کی قیادت میں قافلے اسلام آباد کی طرف پہنچ رہے ہیں تو آزادکشمیر سے بھی چھوٹی بڑی ریلیوں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے جلسے کیلیے حکومت کو ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس حوالے سے معاملات طے کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو رات 10 بجے ملاقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے گرفتار تمام کارکنوں کو بھی رہا کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ گرفتار وکلا کے حوالے سے کہا ہے کہ جن وکلا پر کوئی سنگین الزام نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے۔

عمران خان کا اہم پیغام

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد عوام کے نام اہم پیغام جاری کر دیا۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا ہے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی پاکستانیوں  سے کہتا ہوں حقیقی آزادی مارچ کیلئےنکلیں اسلام آباد اور راولپنڈی والے پہنچنےکی پوری کوشش کریں میں بھی ڈیڑھ گھنٹےمیں اسلام آباد پہنچ جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو کہتا ہوں اپنے اپنے شہروں میں بھی نکلیں یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت اور جہاد ہے ہم  کامیاب ہوں گےجب آپ گھروں سےنکلیں گے آپ نکلیں گےتوسب کو پیغام جائےگا یہ امپورٹڈحکومت  نامنظور ہے سب کوپیغام دیں گے کہ ہمیں کسی کی غلام قبول نہیں۔

پی ٹی آئی کا پہلا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا

آزادی مارچ کے سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ منزل ڈی چوک پر پی ٹی آئی کا پہلا قافلہ پہنچ گیا۔

پولیس سے جھڑپوں، آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور تمام رکاوٹیں عبور کر کے پی ٹی آئی کے کارکنان ڈی چوک پہنچ گئے۔ تحریک انصاف کی خواتین کارکنان کی بڑی تعداد بھی ڈی چوک پر عمران خان کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔

آئی جی اسلام آباد اکبرناصرخان کا کہنا ہے کہ ریڈزون میں کسی کو آنےکی ہر گز اجازت نہیں کسی نے ریڈزون کےقریب آنےکی کوشش کی توسختی سے نمٹا جائےگا افسران کوہدایات کی گئی ہےکہ قوت کا استعمال نہ کریں مظاہرین سےبھی اپیل ہےکہ وہ پرامن رہیں۔

پی ٹی آئی کا حکومت کو دوٹوک پیغام

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے تو ہمیں دعوت دے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا حکومت کے کسی فرد سے رابطہ نہیں ہوا سردار ایاز صادق سمیت کسی حکومتی رہنما سے ملاقات نہیں ہوئی اگر حکومت بات چیت کرنا چاہتی ہے تو ہمیں دعوت دے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی لوگوں کو جو بتایا اس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے جلد ازجلد الیکشن کی تاریخ دیں کوئی حتمی بات ہوگی تو بات کرینگے ٹرک کی بتی کے پیچھے نہیں لگیں گے الیکشن کی تاریخ کےعلاوہ نہ کوئی بات سنیں گے نہ کریں گے۔

کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپیں

کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اس دوران قیدیوں کی وین جلا دی گئی

پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ کارکنان پر امن احتجاج کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔

”ہم نے ڈنڈا اٹھا لیا تو رانا ثنا اللہ نظر نہیں آئیں گے“

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے ڈنڈا اٹھا لیا تو پولیس اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی نظر نہیں آئیں گے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر موجود ہوں گے، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور مطالبات منوا کر جائیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو کہتا ہوں کہ ابھی تو ابتدا ہے آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔

دھرنا سیاست زہر قاتل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے دھرنا سیاست زہر قاتل ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ پختہ یقین رہا پاکستان شبانہ روز کی انتھک محنت سے ہی ترقی کرے گا پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئےدھرنا سیاست زہرقاتل ہے تمام ترتوجہ گورننس، معاشی مسائل پرقابوپانے کےفرائض پرمرکوز ہیں۔

پی ٹی آئی عہدیدار پُل سے گر کر جاں بحق

لاہور: پی ٹی آئی انصاف ویلفیئر ونگ سمن آباد کے عہدیدار فیصل عباس چوہدری پل سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں شفقت محمود اور مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ بتی چوک پل سے پولیس والوں نے فیصل عباس کو دھکا دے کر گرایا گیا ہے۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ فیصل عباس کا قاتل شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ہے، امپورٹڈ حکومت ہمارے معصوم کارکنوں کے خون کی پیاسی بنی ہوئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں