اسلامآباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عالی شان پاکستان نمائش کو بھارت میں زبردست پذیرائی ملی،پاکستانی ڈیزائنر عالی شان پاکستان نمائش کے ذریعے بھارت کی وسیع مارکیٹ میں نام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
وفاقی وزیر کو نمائش سے متعلق تمام امور پر اجلاس کے دوران تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نمائش میں روزانہ پینتالس سے پچاس ہزار افراد نے شرکت کی اور چار دنوں کے دوران پاکستانی برانڈز نے بھار ت میں کروڑوں روپے کا بزنس کیا ۔
نمائش کے ذریعے بھارت میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں بھی مدد ملی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے باعث بھارتی ہائی کمیشن بند ہونے کی وجہ سے ابتدائیہ ویزوں کے اجراءمیں تاخیر ہوئی لیکن اس مسئلے کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بخوبی حل کر لیا۔
وفاقی وزیر نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی کہ بھارت میں منعقدہ عالی شان پاکستان طرز کی نمائش دوسرے ممالک میں منعقد کرانے کیلئے ابتدائی تحقیقی جلد کام مکمل کیا جائے تاکہ پاکستانی برانڈز کی دنیا میں تشہیر کیلئے ایک مکمل پلان تیار کیا جاسکے۔