اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے عدالت پارلیمنٹ کوہدایات نہیں دے سکتی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کردی
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر دلائل کے بعد احکامات جاری کئے ، جس میں کہا کہ سپریم کورٹ کے جس فیصلے کا آپ نے حوالہ دیااس کے بعد کافی فیصلے آچکے، یہ عدالت پارلیمنٹ کوہدایات نہیں دے سکتی ،یہ پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد نہیں ہوا ، جس پرچیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں سپریم کورٹ کی صرف آبزرویشن تھی۔
خیال رہے گذشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں ہائی پروفائل مقدمات کے حوالے سے سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے تھے کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی میں سسٹم کے باہر سے کسی کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔