فلوریڈا: امریکی والدین کے بھلکڑ پن کا ایک عجیب واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے ان کے بچے کو حیران و پریشان کر دیا تھا۔
امریکی پولیس کی ایک ٹویٹر پوسٹ کے مطابق والدین نے اپنی دانست میں بچے کو اس کے اسکول میں اتارا لیکن بچہ حیران و پریشان کھڑا رہا، کیوں کہ یہ وہ اسکول نہیں تھا جس میں اس کی تعلیم جاری تھی۔
یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے پارک لیکس ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا، بھلکڑ والدین اپنے 5 سالہ بچے کو غلط اسکول میں اتار کر روانہ ہو گئے تھے، اور بچہ گھںٹوں تک ایک ایسے اسکول میں رہا جہاں اسے کوئی نہیں جانتا تھا۔
اسکول کے اساتذہ کو جب ایک بچہ ادھر ادھر ٹہلتا ہوا ملا جو اسکول کا نہیں تھا، تو انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی، پولیس نے اسکول پہنچ کر بچے کو چائلڈ پروٹیکٹو انویسٹیگیشن کی حفاظت میں دے دیا۔
BSO investigators have located the parents of a child that was dropped off at Park Lakes Elementary in Lauderdale Lakes. The circumstances surrounding the incident remains under investigation. pic.twitter.com/LNJmSrk3kh
— Broward Sheriff (@browardsheriff) October 3, 2022
کاؤنٹی پولیس نے بچے کی تصویر اپنے سوشل میڈیا سے بھی شیئر کی تاکہ کوئی بچے کے والدین کی شناخت میں مدد کر سکے یا بچے کو پہچان کر ان سے رابطہ کر سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ایک کار بچے کو اسکول کے دروازے پر چھوڑ کر تیزی سے آگے بڑھ گئی تھی، بچے کا اس اسکول سے کوئی تعلق نہیں تھا نہ ہی یہاں اسے کوئی جانتا تھا۔
پولیس کے مطابق بچہ اپنے والدین کے حوالے سے کوئی بھی معلومات دینے سے قاصر نظر آ رہا تھا۔ کئی گھنٹے بعد پولیس بچے کے والدین کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔