ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی نے بوائے فرینڈ کے ساتھ بریک اپ اور پھر ہونے والے ڈپریشن پر قابو پانے سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتیحی اور اداکار انگت بیدی کچھ عرصے تک ایک ساتھ رہے تاہم بعد میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ انگت بیدی انڈسٹری کی نامور اداکارہ نیہا دھوپیا کے شوہر ہیں۔ علیحدگی کی وجہ سے نورا فتیحی مایوس اور ڈپریشن میں مبتلا ہوگئی تھیں۔
ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے نورا فتیحی نے بتایا: ’میں نے دو ماہ تک ڈپریشن کا مقابلہ کیا۔ ہر لڑکی کو زندگی میں کم از کم ایک دفعہ اس چیز سے ضرور گزرنا پڑتا ہے۔ میرے لیے یہ بہت زیادہ مشکل رہا کیوں کہ میں نے غیر متوقع تجربے کا سامنا کیا۔ میں بالکل ٹوٹ چکی تھی مگر یہ ضرور کہوں گی کہ اس تجربے نے میری زندگی بدل دی۔‘
مزید پڑھیں: بنگلادیشی حکومت نے نورا فتیحی کو ملک میں داخلے سے روک دیا
اپنی گفتگو میں نورا فتیحی نے سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کے لیے آڈیشن دینے کا بھی ذکر کیا۔
نورا فتیحی نے بتایا: ’آدیشن دینے کے بعد میں ساحل سمندر پر جا کر روئی تھی۔ میں آڈیشن دینے والے 300 لوگوں میں شامل تھی۔ مجھے خود پر اعتماد نہیں تھا اور خود سے ہی باتیں کرنے لگی تھی کہ نورا تمہیں کیا ہوا۔ اٹھاو اور ہمت کرو کیوں کہ وہاں تم جیسے باصلاحیت سیکڑوں لوگ ہوں گے۔ پھر میرا اعتماد بحال ہوا اور میں نے کر دکھایا۔‘