ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی کو بنگلادیش کی حکومت نے ملک میں داخلے سے روک دیا جس کی انوکھی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتیحی کو آج بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنی تھی تاہم عین موقع پر حکومت نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
بنگلادیشی حکومت نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ نورا فتیحی کا شو ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھنے اور تقریب پر خرچ ہونے والے امریکی ڈالرز کو بچانے کے لیے کیا گیا۔
وزارت برائے ثقافتی اُمور نے جاری کردہ بیان میں بتایا: ’ملک کی موجودہ معاشی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے زر مبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھنے کے لیے نورا فتیحی کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔‘
نورا فتیحی نے ڈھاکہ میں شیڈول تقریب میں نہ صرف شرکت کرنی تھی بلکہ پرفارم بھی کرنا تھا۔ تقریب کا انعقاد ویمن لیڈرشپ کارپوریشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔
View this post on Instagram
دوسری جانب نورا فتیحی فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میوزک ویڈیو کا حصہ بننے والی پہلی بالی وڈ کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ اداکارہ فیفا کے آفیشل ترانے کی ویڈیو میں نظر آئیں گی جبکہ اس کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں بھی پرفارم کریں گی۔
نورا فتیحی نے انسٹا گرام پر فیفا ترانے کا ٹریلر شیئر کیا ہے جس میں انہیں دیگر بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 21 نومبر سے قطر میں شروع ہو رہا ہے جس کا فائنل 18 دسمبر کو ہوگا۔ اس دوران کُل 64 میچ کھیلے جائیں گے۔