جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

ملتان کی پوزیشن ہولڈر باہمت طالبہ نے مثال قائم کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان: ملتان کی پوزیشن ہولڈر باہمت طالبہ نے مثال قائم کر دی، گھر کے اخراجات پورا کرنے کے لیے نوکری نہ ملی تو گول گپے کا اسٹال لگا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کی پوزیشن ہولڈر حبیبہ نوکری نہ ملنے پر سڑک کنارے گول گپے بیچنے پر مجبور ہو گئی ہیں، طالبہ کے مطابق اچھی ملازمت نہ ملنے کی باعث یہ قدم اٹھانا پڑا کیوں کہ گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے یہ ضروری تھا۔

پوزیشن ہولڈر حبیبہ کے مطابق انھوں نے اپنی پڑھائی کے ساتھ اپنے خاندان کے مالی حالات کو بہتر  کرنے کے لیے گول گپے کا اسٹال لگایا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بہت سی نوکریوں کے لیے درخواستیں دیں تاہم جہاں بھی ملازمت کا موقع ملا، وہاں تنخواہ انتہائی قلیل تھی، جس سے گھریلو اخراجات پورے نہیں ہو پا رہے تھے جس کے باعث یہ قدم اٹھایا۔

حبیبہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حبیبہ نے سڑک کنارے گول گپے کا اسٹال لگایا ہے جہاں لوگوں کا رش بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

حبیبہ خان نے بتایا شروع میں والدین کچھ ہچکچائے تاہم مالی حالت کے پیش نظر مجھے انہوں نے اجازت دی، گھر والوں کی حمایت سے میرا چھوٹا کاروبار صرف چند روز میں بہت مشہور ہو گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹال پر لگے اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کی پہلی تعلیم یافتہ لڑکی جو بہاؤالدین یونیورسٹی کی پوزیشن ہولڈر طالبہ ہے، گول گپے بیچ رہی ہیں جس کے باعث لوگوں کا رجحان ان کی طرف جانے لگا اور ان کا کاروبار چل نکلا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں