اسلام اباد / پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان قوم کی خدمت اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
کور ہیڈ کوارٹر آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے پشاور کور کے افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا، خطاب میں انہوں نے امن و استحکام کے لیے افسروں اور جوانوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن و استحکام ہمارے شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، شہدا کی قربانیوں کے نتیجے میں معاشی اور اقتصادی ترقی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان قوم کی خدمت اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔