تازہ ترین

ترامیم کی حمایت کرتے ہیں یا نہیں؟ سپریم کورٹ نےنیب سے واضح جواب مانگ لیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم سے متعلق عمران خان کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران عدالت عظمیٰ نے نیب سے تحریری جواب مانگتے ہوئے کہا کہ واضح بتایا جائے کہ ‘نیب ان ترامیم کی حمایت کرتا ہے یا نہیں؟’۔

دوران سماعت عدالت نے زیرالتوا تحقیقات میں مقدمات کی مالیت کی تفصیلات بھی طلب کرلیں، نیب سے واضح تحریری جواب وفاق کے وکیل مخدوم علی خان کی استدعا پر مانگا گیا۔

کیس کے آغاز پر عمران خان نے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ ماضی میں بھی قانون سازی کی ہدایات دے چکی ہے،بعض فیصلوں میں عدالت نےمجوزہ قوانین کا مسودہ بھی پارلیمان کو دیا، نیب ترامیم سے وہ کیسز بھی دوبارہ کھلیں گےجن میں عدالتیں فیصلے کرچکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس ڈی لسٹ کردیا

خواجہ حارث نے کہا کہ یین آراو کیس میں بھی صرف وہ مقدمات دوبارہ کھلے تھےجوآرڈیننس سےبند ہوئےتھے، جن ملزمان کو عدالتیں سزائیں دے چکی ہیں انکے کیسز ترمیم کےبعد کیسےختم ہوسکتے ہیں؟۔

اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ دلائل مکمل کرنے کے لئے مزید دو دن درکار ہیں۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے عمران خان کے وکیل کو پیر تک اپنے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

Comments

- Advertisement -