اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

پاکستان اور ایتھوپیا کا ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاہدہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان اور ایتھوپیا نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر جمال باقر عبداللہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایتھوپیا سب صحارا ممالک میں تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیثت ہے، ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اپنی تجارت کے حجم کو 200 فی صد بڑھانا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایتھوپیا دنیا کی سستی ترین توانائی پیدا کر رہا ہے، اس کی 96.4 فی صد توانائی گرین یا ماحول دوست توانائی ہے، انھوں نے کہا ’’ہم افریقہ کا سب سے بڑا ڈیم دریائے نیل پر تعمیر کر رہے ہیں، یہ ڈیم 6500 میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرے گا، اس ڈیم کے ڈاؤن اسٹریم پر رہنے والی آبادی پر منفی اثرات نہیں ہوں گے۔‘‘

- Advertisement -

جمال باقر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا نے حال ہی میں پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولا ہے، جب کہ دونوں ممالک میں 1950 سے سفارتی تعلقات موجود ہیں، دوسری طرف پاکستان نے 70 کی دہائی میں ایتھوپیا میں اپنا سفارت خانہ کھولا تھا، اس وقت پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت تھی۔

سفیر نے بتایا ’’ہم نے عالمی قوانین پر مبنی نظام کے لیے ایک قیمت چکائی ہے، ماحولیاتی تبدیلی پر ہماری حکومت نے پاکستان سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا ہے، ہم نے رواں برس کوپ 27 میں لاسز اینڈ ڈیمیج فنڈ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘

انھوں نے کہا ’’مسلمانوں نے پہلی ہجرت ایتھوپیا کی جانب کی، اس وقت کے حکمران نجاشی نے کھلے بازوؤں سے مسلمانوں کا استقبال کیا۔ ہم سیاحوں کے لیے مختلف رعایتیں فراہم کر رہے ہیں، ان میں خصوصی طور پر ہوٹلوں میں سبسڈی شامل ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا تمام مذاہب کے لیے ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے، ان میں اسلام کو خصوصی حیثیت حاصل ہے، افریقہ کی تاریخ اور آثار قدیمہ میں ایتھوپیا کی ایک پہچان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں