15.4 C
Dublin
پیر, مئی 13, 2024
اشتہار

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل ، پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کر دیئے اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ پرسیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔

- Advertisement -

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، جس پر وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ بائیومیٹرک کا واٹس ایپ کاپی مل گیا ہے۔

جس کے بعد عدالت نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات دور کر دیئے، وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عدالتی احکامات پر انڈر ٹیکنگ سیشن عدالت میں پیش کر دیئے۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے آگےسب برابر ہیں، آپ کو معلوم ہے کہ انڈرٹیکنگ ایک قانونی معاملہ ہے، یہ جان لیں یہ انڈرٹیکنگ عدالت کےسامنے بیان کے مترادف ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے خبردار کیا کہ اس بیان کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کے نتائج ہوں گے ، اگر خلاف ورزی کی گئی تو پھر توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔

خواجہ حارث نے بتایا کہ عدالت نے معاملہ طے نہیں کیا، ٹرائل کورٹ کو بھجوایا تھا،یہ بھی اعتراض تھا جو معاملہ پہلے ہی طے ہوچکا وہ دوبارہ کیسے سنا جا سکتاہے، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ کو کہا تھا کہ وہ انڈر ٹیکنگ کے معاملے کو دیکھے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ٹرائل کورٹ انڈرٹیکنگ سے مطمئن نہیں ہوئی، عمران خان خود رضاکارانہ طور پر عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، انڈرٹیکنگ نہ صرف موجود ہے بلکہ ہم نے ایک اور درخواست بھی دی،ہم نے ایڈمنسٹریشن کو سیکورٹی فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے قانون کے سامنے سب برابر ہیں، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ انڈرٹیکنگ کے ساتھ ایسے اقدامات بھی کئےجس سے پتہ چلے کہ عمران خان پیش ہوناچاہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا اب آپ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں اور یقین دہانی کرا رہے ہیں؟ تو خواجہ حارث نے کہا کہ حکومت کو بھی عمران خان کو ملنے والی سیکورٹی تھریٹ سے آگاہ کرے۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کر دیئے اور پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ عمران خان کو کل عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور اسلام آباد پولیس سیکورٹی کیلئےاقدامات کرے اور عمران خان کل عدالتی اوقات کےدوران ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں