اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

ڈرائیونگ کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

ڈرائیونگ کرنا بہت ذمہ داری کا کام ہے جس میں ذرا سی بد احتیاطی ڈرائیور اور گاڑی میں بیٹھے افراد سمیت سڑک پر موجود لوگوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے ان عام عناصر کی نشاندہی کی ہے جن سے نہ صرف گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

تھکاوٹ

- Advertisement -

اگر آپ جسمانی طور پر اچھا محسوس نہیں کر رہے یا تھکاوٹ کا شکار ہیں تو اس صورت میں کبھی ڈرائیونگ سیٹ پر نہ بیٹھیں۔

اگر آپ کے جسم کو آرام کی ضرورت ہے تو آرام کیجیئے، اگر ایسی صورتحال کا سامنا راستے کے درمیان کرنا پڑ گیا ہے تو بھی گاڑی روک دیں اور آرام کریں کیونکہ اس کے بعد آپ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے ورنہ دوسری صورت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

تیز رفتاری

ماہرین تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور جس سڑک پر آپ سفر کر رہے ہیں اس کے لیے مقررہ معیار کی پابندی کرنے پر بھی زور دیتے ہیں۔

مناسب جوتے

ہوائی چپل یا عام طور پر باتھ روم وغیرہ میں استعمال ہونے والی جوتی میں گاڑی چلانا خطرناک ہو سکتا ہے، اسی طرح ننگے پاؤں تو قطعی گاڑی چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ مناسب جوتے پہن کر گاڑی چلائی جائے، وہ بوٹ بھی ہو سکتے ہیں اور سینڈل بھی، تاہم ڈھیلے ڈھالے یا پیر کے سائز سے بڑے یا چھوٹے جوتے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

جارحانہ ڈرائیونگ

ایسا عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ڈرائیور کو کسی بات پر غصہ آجائے، ایسا کسی دوسرے ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے یا پھر اس کا سبب کچھ اور بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غصے کی حالت میں ڈرائیونگ نہ کریں، اگر بیچ ڈرائیونگ ایسا ہو گیا ہے تو گاڑی روک دیں اور خود کو پرسکون کریں، اس طرح دوسری گاڑیوں سے مقابلہ کرنے کی بھی کوشش نہ کریں۔

سیٹ بیلٹ

سیٹ بیلٹ کی اہمیت مسلمہ ہے، حادثے کی صورت میں اس کی بدولت جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

ہیڈ فون کا استعمال

سفر خصوصاً لمبے سفر کے دوران موسیقی کا سنا جانا کوئی انہونی بات نہیں ہے، اور یہ زیادہ قابل اعتراض بھی نہیں ہے تاہم اس کے لیے ہیڈ فون کا استعمال کرنا زیادہ اچھی بات نہیں ہے۔

ہیڈ فون کے ذریعے موسیقی سنتے ہوئے آپ کی توجہ بٹتی ہے اور باہر کی آوازیں بھی درست طور پر سنائی نہیں دیتیں، جیسا کہ کسی دوسری گاڑی کا ہارن وغیرہ، اس لیے کوشش کی جانی چاہیئے کہ اگر موسیقی سننا بھی ہے تو کھلے اسپیکر سے سنی جائے۔

خراب موسم میں لاپرواہی

ویسے تو ڈرائیونگ ہمیشہ ضوابط کے مطابق کرنی چاہیئے تاہم موسم بدلنے پر ان کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔

اگر تیز بارش شروع ہو گئی ہے تو اس وقت زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے، رفتار کم رکھنے کے ساتھ ساتھ ارد گرد پر بھی نظر رکھیں۔

اسی طرح انتہائی صاف چمکتے سورج کے مقابل یا برف باری میں ڈرائیونگ کے دوران بھی کچھ مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں