جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عادل نجم تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے سربراہ مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم اور پالیسی ایکسپرٹ ڈاکٹر عادل نجم جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) انٹرنیشنل کے صدر مقرر کردیے گئے۔

ڈاکٹر عادل نجم صدر ڈبلیو ڈبلیو ایف انٹرنیشنل کا عہدہ یکم جولائی 2023 سے سنبھالیں گے۔

- Advertisement -

ڈاکٹر عادل نجم گزشتہ کئی دہائیوں سے ماحولیات، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرتے رہے ہیں، وہ بین الاقوامی پالیسی سازوں میں ایک انتہائی با اثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں جبکہ کئی بین الاقوامی جامعات میں بطور لیکچرر اور پروفیسر تعلیم دے چکے ہیں۔

درجنوں مقالات لکھنے والے ڈاکٹر عادل نجم اب تک عالمی و قومی معیشت و ماحولیات پر کئی کتابیں بھی تحریر کر چکے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عادل 8 سال تک ادارے کے بین الاقوامی بورڈ میں بطور ٹرسٹی خدمات انجام دے چکے ہیں، 2010 میں ڈاکٹرعادل نجم کو صدر پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

اپنی تقرری کے بعد ڈاکٹر عادل نجم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ یہ تقرری ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور انہیں اس کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے۔

خیال رہے کہ سنہ 1961 میں قائم کیا جانے والا سوئس ادارہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحفظ جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کر رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں