اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکا کو کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، چیئرمین اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کر کے معیار کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔