ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ کاجول کو سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کی کمائی سے متعلق سوال کرنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے مداح کاجول کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خوب ٹرولنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں جس کی وجہ ایک مختصر سے سوال ہے۔
کاجول اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا۔
انٹرویو میں میزبان نے سوال کیا کہ ’وہ کون سا ایسا سوال ہے جو پ کبھی شاہ رخ خان سے پوچھنا چاہیں گی؟‘
متعلقہ: کاجول کو شاہ رخ کے کونسے مشورے پر عمل نہ کرنے کا پچھتاوا ہے؟
اس کا جواب دینے قبل کاجول کا کہنا تھا کہ میں شاہ رخ سے کیا پوچھوں سب کچھ تو ان کے سوشل میڈیا پر موجود ہے۔ کچھ لمحے بعد کاجول نے کہا کہ میں شاہ رخ سے پوچھوں گی کہ آپ کی فلم ’پٹھان‘ نے دراصل کتنا بزنس کیا؟‘
اداکارہ کے مذکورہ انٹرویو کا کلپ جب سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے مداحوں تک پہنچا تو وہ سیخ پا ہوگئے۔ دراصل انہوں نے کاجول کے سوال کو ’طنز‘ اور ’بے عزتی‘ قرار دیا۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ کاجول کی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ نے خاطر خواہ بزنس نہیں کیا تو وہ اب ’پٹھان‘ کی کمائی سے حاسد ہیں۔
شاہ رخ خان اور کاجول نے بلاک بسٹر فلموں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں ایک ساتھ کام کیا جبکہ اسکرین سے ہٹ کر دونوں بہترین دوست بھی ہیں۔