جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

امریکی جیل سے فرار خطرناک قاتل دو ہفتے بعد ہیٹ سینسنگ ایئر کرافٹ کی مدد سے پکڑا گیا (فرار کی ویڈیو)

اشتہار

حیرت انگیز

پینسلوانیا: امریکی جیل سے فرار خطرناک قاتل ڈینیلو سوزا کیولکانٹے کو پولیس نے دو ہفتے بعد ہیٹ سینسنگ ایئر کرافٹ کی مدد سے پکڑ لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست پینسلوانیا کی جیل سے فرار ہونے والا قاتل ڈینیلو کیولکانٹے آخر کار بدھ کی صبح پولیس کے شکنجے میں آ ہی گیا، فرار کے دو ہفتے بعد پولیس نے اسے جنگل سے گرفتار کر لیا، قاتل کو ہیٹ سینسنگ ایئر کرافٹ اور سراغ رساں کتے کی مدد سے پکڑا گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک گھر سے گاڑی چراتے ہوئے

برازیل سے تعلق رکھنے والے قیدی کیولکانٹے کو اپنی دوست کو اُس کے بچوں کے سامنے درجنوں بار چھرا گھونپ کر قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، اور وہ برازیل میں بھی قتل کے الزام میں مطلوب ہے۔

- Advertisement -

فرار قیدی کی گرفتاری کے لیے افسران کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، دو ہفتوں کے دوران مفرور قیدی خوراک کی اشیا کے لیے گھروں میں بھی گھسا اور لوگوں کو خوف زدہ کیا، اس نے حلیہ بھی بدل لیا تھا، اور ایک وین اور رائفل بھی چرائی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تلاش میں ایک بڑا موڑ تب آیا جب تھرمل امیجنگ کیمرے سے لیس طیارے نے ڈینیلو کیولکانٹے کے بدن کی حرارت کا سگنل پکڑا، جس کے بعد زمین پر موجود ٹیموں نے علاقے کو محفوظ بنا کر اسے گھیر لیا اور کھوجی کتوں کے ساتھ جنگل میں اندر داخل ہوئے۔

پنسلوانیا اسٹیٹ پولیس لیفٹیننٹ کرنل جارج بیونس نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اہلکار اتنی خاموشی سے اندر گئے کہ کیولکانٹے کو اس وقت تک احساس ہی نہیں ہوا جب تک وہ مکمل گھیرے میں نہ آیا۔ انھوں نے کہا ایک گھر کے مالک کے گیراج سے چوری کی گئی رائفل بدستور قیدی کے پاس موجود تھی، اور اس نے جھاڑیوں میں رینگتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ایک کھوجی کتے نے اسے قابو کر لیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں