شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ و اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے اپنی پینٹنگ سے موصول ہونے والا معاوضہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے دینے کا اعلان کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نیمل خاور عباسی نے اپنے نئے آرٹ ورک کی نمائش سے چند تصاویر شیئر کی اور لکھا کہ میرے نئے آرٹ ورک کی نمائش لاہور میں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے اپنے اس آرٹ کو بنانے کے بارے میں سوچا اور پھر کئی مہینوں تک اس پر محنت کی تو میں نے ان پینٹنگز کو اپنی زندگی میں موجود خواتین کی طاقت اور خوبصورتی کے لیے وقف کیا، میرا یہ کام ممتا کے لیے پیغام ہے۔‘
نیمل خاور نے لکھا کہ ’ان تصاویر کو میں نمائش کے لیے اب دنیا کے سامنے پیش کررہی ہوں تو میں انہیں غزہ کی خواتین، خاص طور پر غزہ کی ماؤں کے لیے وقف کرنا چاہتی ہوں جنہیں ہم اجتماعی طور پر ناکام کرچکے ہیں۔‘
انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’اس آرٹ سے حاصل ہونے والی ساری آمددنی غزہ کو امداد فراہم کرنے والے خیراتی اداروں کو دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہوگئی ہے، شہدا میں 73 فیصد بچے، خواتین اور عمرہ رسیدہ افراد شامل ہیں۔