اسلام آباد: فلسطین کے معاملے پر ایک سیاسی جماعت کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، جو واضح طور پر بدنیتی پر مبنی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے معاملے میں ایک سیاسی جماعت کے حامیوں کی جانب سے پروپیگنڈا مہم میں پاکستان پر اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا گھناؤنا الزام لگایا گیا ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹی، من گھڑت کہانی کو بھارتی میڈیا نے بھی خبر بنا کر پیش کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک جہاز پر اسلحہ پاکستان سے اسرائیل لے جانے کی من گھڑت کہانی بنائی گئی، جب کہ حقیقت میں بحرین سے راولپنڈی جانے والی پرواز افغان مہاجرین کے برطانوی انخلا کا حصہ ہے۔
پروپیگنڈا کے برعکس پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر پُرزور مذمت کے ساتھ ہر فورم پر آواز اٹھائی، آرمی چیف بھی متعدد بار فلسطین کی حمایت اور سپورٹ میں کھل کر آواز اٹھا چکے ہیں، فلسطینی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی۔
آرمی چیف نے غزہ میں کشیدگی کی ذمہ داری اسرائیل کے غاصبانہ قبضے پر عائد کی تھی، انھوں نے علما سے ملاقات میں بھی غزہ میں مظالم کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا۔
تاہم پاکستان کے مؤقف کے باوجود سوشل میڈیا پر یہود کی طرف سے گمراہ کن پروپیگنڈا جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلے پروپیگنڈے سے بچنے کے لیے شرپسند عناصر کو پہچاننا اور سرکوبی کرنا اہم ہے۔ ذرائع کے مطابق در حقیقت پاکستان کی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، من گھڑت پروپیگنڈے کا مقصد مذموم سیاسی مقاصد کا حصول اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔