سنیما کی جادوئی دنیا میں کسی فلم کی کام یابی کا درجہ اور کمائی کی انتہا باکس آفس کے ذریعے معلوم کی جاتی ہے۔ سنہ 2023ء میں جہاں کئی بڑے ناموں کے باوجود ہالی ووڈ کی فلموں نے شائقین کو مایوس کیا اور باکس آفس پر بھی امتیازی پوزیشن نہیں پاسکیں، وہیں بعض فلموں نے زبردست کام یابیاں اپنے نام کی ہیں۔
آج بڑے پردے پر فلم سازی اور پیش کاری کا انداز ہی نہیں تفریح کے ذرایع بھی بدل گئے ہیں، اور ہالی ووڈ بھی نئے رجحانات اپنا رہا ہے۔ یہاں ہم ہالی ووڈ کی اُن چند فلموں کا تذکرہ کررہے ہیں جن کی وجہ سے سنیما کی رونق بڑھ گئی اور بزنس کے اعتبار سے ان فلموں نے باکس آفس پر دھوم مچا دی۔ مستند ویب سائٹ ‘باکس آفس’ موجو پر کام یابی کے اعتبار سے سرِ فہرست فلم ‘ باربی’ رہی جس نے ریلیز کے ساتھ ہی 2023 کے سب سے بڑے اوپننگ بزنس کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ‘دی سپر ماریو برادرز’ نے اوپننگ پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔ سپر ماریو برادرز مووی سب سے ہٹ اینیمیٹڈ فلم بن کر سامنے آئی۔ ان کے علاوہ دیگر فلموں نے زبردست بزنس کے ساتھ شائقین کو خوب محظوظ بھی کیا۔
رواں سال باکس آفس پر کام یاب ہونے والی ہالی ووڈ کی چند فلموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
باربی
یہ ایک میوزیکل کامیڈی فلم ہے جس میں اداکارہ مارگو روبی اور اداکار رائن گوزلنگ کو شائقین نے بہت پسند کیا اور یہ اس سال کی سب سے کام یاب فلم بن گئی۔
باربی کو دنیا بھر میں بچّے ہی نہیں بڑے بھی پسند کرتے ہیں۔ اسی کردار پر مبنی یہ فلم ایک ایسی گڑیا کے بارے میں ہے جو اپنی دنیا سے نکل کر اصل دنیا کا سفر کرتی ہے اور وہاں اسے اپنے لیے جگہ کی تلاش ہے۔ اس فلم کی ریلیز کے بعد دنیا بھر میں باربی ڈولز کی فروخت میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔ باکس آفس کی مستند ویب سائٹ ‘باکس آفس’ موجو کے مطابق باربی نے دنیا بھر سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے جو اس سال کسی بھی فلم کا سب سے زیادہ بزنس ہے۔
دی سپر ماریو برادرز مووی
ایک ارب 36 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کرنے والی اس فلم کا باکس آفس پر دوسرا نمبر ہے۔ گیمنگ کونسول ننٹینڈو کے مقبول ترین ویڈیو گیم ‘سپر ماریو برادرز’ پر بننے والی اس فلم کو دنیا بھر میں شائقین نے پسند کیا۔
اس فلم کی کہانی ماریو نامی پلمبر کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بھائی کے ساتھ ایک شہزادی کو آزاد کرانے کے لیے نکلتا ہے۔ کرس پریٹ، جیک بلیک اور سیٹھ روجن نے فلم کے کرداروں کو اپنی آواز دی ہے اور شائقین کی توجہ اور دل چسپی حاصل کرنے میں کام یاب ہوئے ہیں۔
اوپن ہائمر
اس فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر نولن ہیں اور اس سال باکس آفس پر اس فلم نے بزنس کے اعتبار سے تیسرا نمبر حاصل کیا ہے۔ فلم نے دنیا بھر سے 95 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ یہ ایٹم بم کے خالق کے نام پر بنائی گئی فلم ہے جس میں کلین مرفی نے جے رابرٹ اوپن ہائمر کا کردار نبھایا ہے۔
فلم میں ان حالات و واقعات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن میں امریکہ نے ایٹم بم بنانا ضروری سمجھا۔ فلم میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ایٹم بم بنانے کے بعد اس کے موجد میں کیا تبدیلیاں آئیں اور وہ حکومت کے عتاب کا بھی نشانہ بنا۔
گارڈیئنز آف دی گیلکسی والیوم 3
ہدایت کار جیمز گن کی اس فلم نے باکس آفس پر 84 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں۔ فلم میں اسٹار لارڈ اور اس کے ساتھیوں کا سامنا ایک ایسے حریف سے ہوتا ہے جو دنیا کا فاتح بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ فلم میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایکشن کا بھی تڑکا لگایا گیا ہے۔
فاسٹ ایکس
یہ مشہورِ زمان ہ فاسٹ اینڈ دی فیوریس سیزیز کی دسویں فلم باکس آفس پر دنیا بھر سے 70 کروڑ 47 لاکھ سے زائد ڈالرز کمانے کے ساتھ شائقین کی دل چسپی کا مرکز بھی بنی۔ فلم اسٹار کاسٹ پر مشتمل تھی جس میں مرکزی کردار ون ڈیزل نے ادا کیا تھا جس کے پیچھے ایک ایسا شخص پڑ جاتا ہے جو اپنے باپ کی موت کا ذمے دار ڈومینیک اور اس کے ساتھیوں کو سمجھتا ہے۔ اس فلم میں حیران کن اسٹنٹس پیش کیے گئے ہیں۔
اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس
چند سال قبل جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اینیمیٹڈ فلم ‘اسپائیڈر مین ان ٹو دی اسپائیڈر ورس’ نے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا اور اس سال اسی سیریز کی یہ دوسری فلم ریلیز ہوئی جس نے دنیا بھر میں 69 کروڑ پانچ لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ اس فلم کی کہانی بھی مائلز مورالیس نامی نوجوان کے گرد گھومتی ہے جس کی دوسری دنیا کی تمام اسپائیڈر مخلوق مخالف ہوجاتی ہے۔ تاہم مائلز مورالیس اپنے ہم خیال اور اسپائیڈر فرینڈرز کی مدد سے مشکلات سے نکلتا چلا جاتا ہے۔
دی لٹل مرمیڈ
والٹ ڈزنی اسٹوڈیو کی فلم دی لٹل مرمیڈ نے دنیا سے تقریباً 57 کروڑ ڈالرز کمائے ہیں۔ اس میوزیکل رومانوی فلم کی کہانی ایریل نامی ایک ایسی جل پری کے گرد گھومتی ہے جس نے کبھی انسانوں کو نہیں دیکھا تھا اور جب پانی میں رہنے والی یہ مخلوق انسانوں کی دنیا میں آتی ہے تو اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مشن امپاسبل: ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون
مشہور اداکار اور پروڈیوسر ٹام کروز کی اس فلم نے باکس آفس کے مطابق تقریباً 56 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں۔ فلم کی کہانی امپاسبل مشن فورس نامی ایک تنطیم کے گرد گھومتی ہے جس کا کام دنیا بھر میں امن قائم کرنا اور کسی بھی ایک ملک کی دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کو روکنا ہے۔
رواں برس انڈیانا جونز کی واپسی اور مشہورِ زمانہ سپہ سالار نپولین پر بننے والی فلم باکس آفس پر ناکام ہوئی۔ اسی طرح یہ سال سپر ہیروز کے لیے بھی زیادہ اچھا نہیں رہا جس کی مثال شیزام، کیپٹن مارول اور دی فلیش ہیں۔