کھانوں میں موجود ہلدی یا دیگر اشیاء کی موجودگی کے باعث پلاسٹک کے برتنوں میں کچھ داغ دھبے پڑجاتے ہیں اور چکنائی جم جاتی ہے جو دیکھنے میں بری اور اس میں ناخوشگوار کی سی بو بھی آنے لگتی ہے۔
برتنوں سے اس قسم کے داغ دھبوں کو دور کرنے کیلئے خواتین مختلف مہنگے پاؤڈرز اور کمیکلز استعمال کرتی ہیں لیکن وہ اکثر کارآمد نہیں ہوتے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ شرمین علی نے ایک سستی اور کارآمد چیز بتائی جو آپ کے پلاسٹک کے برتنوں کو صاف شفاف اور چمکدار بنا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویسے تو پلاسٹک کے برتنوں کو کھانے کیلئے بہت کم استعمال کرنا چاہیے کیونکہ وہ صحت کیلیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں تاہم پھر بھی اگر ان کو داغ دھبوں سے محفوظ رکھنا چاہتی ہیں تو اس کیلئے نمک بہترین چیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان برتنوں کو دھونے سے پہلے کپڑے سے خشک کرلیں اور بڑے ٹب یا دیگچے میں نیم گرم پانی ڈال کر اس میں نمک ڈال دیں اور تمام برتنوں کو اس میں آدھے گھنٹے تک رکھنے کے بعد دھولیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس عمل سے برتنوں کے اندر اور باہر لگے داغ دھبے ایسے صاف ہوجائیں گے جیسے کہ وہ بالکل نئے ہوں۔
شرمین علی نے کہا کہ آپ کے برتن چمک اٹھیں گے، پلاسٹک کے ڈنر سیٹ اور بوتلوں کے ڈھکن وغیرہ پر بھی آزماسکتے ہیں، نتائج حیران کن ہوں گے۔