لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نگراں حکومت سے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔
پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیاقت چٹھہ کو ملک سے باہر نہ جانے دیا جائے کیونکہ ان کا بیان جھوٹ ہے، انہیں 8 روز بعد خیال آیا جبکہ ان کے پاس الیکشن کی کوئی آئینی ذمہ داری نہیں ہوتی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر پر دھاندلی کا الزام لگایا، ان کو پہلے الیکشن کمیشن جانا چاہیے تھا، انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ دھاندلی ہو رہی تھی تو اسی وقت لوگوں کو پولیس کے حوالے کرتے، کیا آپ امریکی مداخلت سے جمہوریت ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں؟
انہون نے مطالبہ کیا کہ کمشنر راولپنڈی کی تحقیقات کروائی جائیں، پتا لگایا جائے کہ وہ پچھلے 8 روز تک کس سے رابطے مین رہے، ان کے اکاؤنٹس کی ویری فکیشن کروائی جائے، ان کے الزامات کو ٹیسٹ کیس بنایا جائے اور تحقیقات پبلک کی جائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ الزامات لگا کر ہیجانی کیفیت پیدا کرنے پر بھی سزا ہونی چاہیے، کمشنر راولپنڈی کو کڑی سے کڑی سزادی جائے، کیا اسی گروہ کو لانا چاہتے ہیں جنہیں 2018 میں آ رٹی ایس بٹھا کر مسلط کیا گیا تھا؟
انہوں نے کہا کہ کمشنر نے چیف جسٹس پر الزام لگایا جو معمولی بات نہیں، اگر ان کا ضمیر جاگا ہے تو اب ثبوت بھی دے دیں، یہ پورا ایک گروہ ہے جو ملک میں استحکام نہیں چاہتا، یہ وہی فتنہ ہے جس نے معاشی اور سیاسی طور پر ملک کو مفلوج کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے بڑا نقصان ہوا تو سب کا نقصان ہوگا، پورے الیکشن کی ساکھ ختم کر رہے ہو کوئی ثبوت تو دو، الیکشن نتائج پر اعتراض ہیں تو الیکشن کمیشن اور عدالت جائیں۔