کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس اطلاع پر لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار عزیز بلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم امیرجان عرف ببلو کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا بتانا ہے کہ لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزم امیر جان عرف ببلو کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر عزیربلوچ گروپ سے ہے، گرفتار ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق امیر جان نے 2014 میں عزیربلوچ گروپ میں شمولیت اختیار کی، ملزم ملا نثار اور ماب بلوچ کے ساتھ ملکر کارروائیاں کرتا تھا، ملزم مخالف گروپ کے ساتھ فسادات، تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیتا تھا۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ امیر جان عرف ببلو فائرنگ اور منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے، ملزم نے سیفی لین میں خان محمد عرف بھائی جان کے گھر پر فائرنگ کا اعتراف کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ میں ملزم کے ساتھ راجن عرف راجو بھی شریک تھا، سی سی ٹی وی میں ملزم کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، سی ٹی ڈی راجن عرف راجو اور بھائی شہر یار کو پہلے گرفتار کرچکی ہے.
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزم امیر جان عرف ببلو مفرور تھا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہے ہیں، ملزم کو مزید کارروائی کیلئے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔