غزہ: فلسطینی وزارت صحت نے صہیونی فورسز کی بمباری میں غزہ میں جاں بحق ہونے والے 34,344 افراد کے نام شائع کر دیے۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے چونتیس ہزار سے زائد افراد کے نام شائع کیے ہیں۔
وزارت نے 649 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز جاری کی ہے، جو کہ گزشتہ سال اکتوبر میں غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے آغاز کے بعد مارے جانے والے 34,344 افراد کے ناموں، تاریخ پیدائش اور جنس پر مشتمل ہے۔
یہ پی ڈی ایف دستاویز 31 اگست 2024 کو تیار کی گئی ہے، اور وزارت نے پیر کو اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، دستاویز کے پہلے 14 صفحات میں 710 بچوں کے نام درج ہیں، جن کی عمر ابھی ایک سال بھی نہیں تھی جب وہ مارے گئے۔
اس فہرست میں اب تک جنگ میں مارے جانے والے تمام افراد کے نام شامل نہیں ہیں، جو وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کم از کم 41,272 ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری اور نسل کشی کا عمل بدستورجاری ہے، غزہ کی پٹی میں بوریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم 8 مزید فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جب کہ ملبے تلے دب کر مزید 80 کی شہادت کا خدشہ ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ منگل کے روز اسرائیلی حملوں میں کم از کم 22 افراد مارے گئے۔