اتوار, ستمبر 22, 2024
اشتہار

پی سی بی نے علی یونس کو کمنٹری پینل سے ہٹا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: کمنٹیٹر علی یونس کو جنوبی افریقہ سے ہارنے والی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ پر تنقید مہنگی پڑ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر علی یونس کو چیمپئنز کپ کے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا ہے۔

علی یونس چیمپئنز کپ میں لائنز کے مینٹور وقار یونس کے بھائی اور آل راؤنڈر عالیہ ریاض کے شوہر ہیں۔

- Advertisement -

علی یونس نے جنوبی افریقہ ویمنز کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر ٹیم مینجمنٹ پر کڑی تنقید کی تھی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کو تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

جمعے کو ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 154 رنز کے ہدف کو جنوبی افریقہ نے 18.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے انیکے بوش 46، لاورا وولوارٹ 45 جبکہ انیرے ڈیرکسن 44 رنز بنا کر نمایاں رہی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا سکی تھی۔

پاکستان ویمن کی جانب سے سدرا امین نے 37، منیبہ علی نے 33 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 27 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کلوئی ٹرائون، سونے لوس اور تمی شیخوخونے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں