منگل, اکتوبر 1, 2024
اشتہار

’قومی سلامتی کو خطرہ ہوا تو ایران جواب دے گا‘

اشتہار

حیرت انگیز

ایرانی وزارت خارجہ نے دوٹوک کہا ہے کہ قومی سلامتی کو خطرہ ہوا تو ایران جواب دے گا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے کسی بھی "مجرمانہ اقدامات” کو جواب دیے بغیر نہیں جانے دیا جائے گا جو کوئی بھی ایران کی قومی سلامتی کے خلاف کھڑا ہو گا اسے بلاشبہ ایران کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔

ناصر کنانی نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم خالی وعدے نہیں کرتے، ہم نے عملی طور پر دکھایا ہے کہ ہم ایران کی قومی سلامتی کی خلاف ورزی کرنے والے جارحین کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہمارا ردعمل ان کے لیے پشیمان ہوگا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ایران صیہونی حکومت کے کسی بھی جارحانہ اقدام کو، جو ایران کے مفادات کو نشانہ بنائے اسے لاجواب نہیں چھوڑے گا اور ایران اس کے جواب میں مناسب اقدامات کرے گا۔

لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے رہنماء حسن نصر اللہ کی شہادت پر غیر ملکی رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان حملوں کے بعد عراق میں 3 روزہ اور ایران میں 5 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، حسن نصر اللہ کی شہادت پر عراقی رہنما آیت اللہ سیستانی اور مقتدیٰ الصدر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حکمران دہشت گرد گروہ نے غزہ میں جاری مجرمانہ جنگ سے کوئی سبق نہیں سیکھا، لبنان کے لوگوں اور حزب اللہ کے ساتھ کھڑا ہونا تمام مسلمانوں کا فرض ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حزب اللہ رہنماء حسن نصر اللہ کا مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کا مشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب امریکا نے ایران کو پھر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا تہران سے آنے والے بیانات کو سن رہا ہے اور یہ انتظار کررہا ہے کہ ایران کیا کرے گا۔

امریکی وزیرِ دفاع الائیڈ آسٹن کہتے ہیں کہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کو روکنے اور تنازع کو بڑھانے سے روکنے کے لیے پُر عزم ہیں، خطے میں اپنے مفادات کو محفوظ بنانے کیے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں