حکومت پاکستان نے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں ملک بھر میں آزادی کے ساتھ مذہبی مقامات جانے کی اجازت دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں امریکی سکھ یاتریوں کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان آمد پر سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہمارے لیے سعودی عرب ہے، اسی طرح آپ کیلیے پاکستان ہے۔ آپ کرتار پور کے علاوہ ملک بھر میں جہاں کہیں بھی اپنے مذہبی مقامات جانا چاہیں، آزادی سے جا سکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کیلیے پاکستان آمد پر کوئی ویزا فیس نہیں ہوگی۔ امریکا سے آنے والے سکھ یاتریوں کو آن ارائیول سہولت میسر ہوگی اور ایئرپورٹ پر آدھے گھنٹے میں ویزا ملے گا جب کہ بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کیلیے بھی کوٹہ رکھ رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے سکھ وفد سے کہا کہ جب دل کرے آن لائن فارم بھریں آدھے گھنٹے میں ویزا ملے گا۔ جہاں، جہاں آپ کے مقدس مقامات ہیں، وہاں آپ آزادانہ جاکر یاترا کر سکتے ہیں، ہم ہر جگہ تعاون کریں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ 10 لاکھ سکھ یاتری پاکستان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس سکھ کا بھی امریکا، برطانیہ یا کینیڈین پاسپورٹ ہے، وہ آنکھیں بند کر کے آ جائیں۔ ہم نے 124 ممالک کیلیے ویزا فری کر دیا ہے۔ آپ کا جب دل کرے، یہاں آ کر پاک بھارت میچ بھی دیکھ سکتے ہیں۔