جمعرات, نومبر 14, 2024
اشتہار

سعودی عرب : تاریخ میں پہلی بار صحرا نے سفید چادر اوڑھ لی

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار عرب صحرا  نے سفید چادر اوڑھ لی، برف سے ڈھکے خوبصورت مناظر نے دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کردیا۔

تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کا صحرا برف باری کے بعد موسم سرما کے عجوبے میں تبدیل ہوگیا ہے عام دنوں میں سنہری دھوپ میں تپتا ہوا صحرا اور اس کی گرم ریت کے ٹیلے اب برف سے ڈھک گئے ہیں۔

یہ وہ منظر ہے جو اس وقت سعودی عرب کے ایک صحرا میں دیکھا جا سکتا ہے، تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کے الجوف کے علاقے جو کہ شمال میں النفود صحرا کے کنارے پر واقع ہے میں برفباری ہوئی ہے جس نے خشک صحرا کو موسم سرما کے منظر میں بدل دیا۔

- Advertisement -

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بنجر و بیابان صحرا ایک غیر متوقع منظر میں تبدیل ہوگیا ہے اور برف کے گالے زمین پر گرتے نظر آرہے ہیں۔ ایسے میں اونٹوں کا ایک قافلہ برف کی تہہ پر محتاط قدم رکھتے ہوئے چلتا دکھائی دے رہا ہے جو ریت کو ڈھانپے ہوئے ہے۔

اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اپنی گاڑیوں سے نکل کر اس نایاب موسم کی تصاویر اور ویڈیوز کے مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کررہی ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق النفود صحرا میں درجہ حرارت بعض مقامات پر 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، اس لیے اس اچانک تبدیلی کو ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے اس غیر معمولی موسمی صورتحال کو کم دباؤ کے نظام سے منسلک کیا ہے جو بحیرہ عرب سے عمان کی طرف بڑھ رہا ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے، خطے میں گرج چمک کے ساتھ مزید شدید بارشیں، اولے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں