جمعرات, نومبر 28, 2024
اشتہار

جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے کب سے کھلیں گے؟ اہم اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اعلان کر دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے کل دوبارہ کھول دیے جائیں گے، شہر بھر کی تمام شاہراہوں پر موجود رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد بھر میں تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہیں جبکہ شہر میں صفائی ستھرائی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا، شہری بغیر کسی رکاوٹ شہر میں آمد و رفت جاری رکھ سکتے ہیں۔

- Advertisement -

ادھر، راولپنڈی میں کل تمام تعلیمی ادارے کھلونے کا اعلان کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ صورتحال بہتر ہونے کے باعث فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں پیر سے آج بدھ تک تعلیمی ادارے بند رکھے گئے جبکہ اس دوران سڑکیں بند اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔

گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈی چوک کے قریب پہنچنے والے پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا تھا جس میں متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

اب سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ پاکستان بھر میں زندگی معمول پر آگئی ہے۔

محسن نقوی نے لکھا کہ سڑکیں کھلی ہیں، موبائل سروس اور انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا ہے، اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر مثبت رجحانات دکھا رہی ہے، ہم گزشتہ 3 دنوں میں ہونے والی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

اسلام آباد کو مظاہرین سے خالی کروانے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ اقدامات شہریوں کو مظاہرین سے بچانے کیلیے ضروری تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں