پاکستان کی نامور گلوکارہ فریحہ پرویز کا کہنا ہے کہ چاہت فتح علی خان کو گلوکار نہیں مانتی انہیں کامیڈین کہہ سکتے ہیں۔
گلوکارہ فریحہ پرویز نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران اپنی گلوکاری اور دیگر موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ان سے سوال کیا گیا کہ پسندیدہ گلوکار کا نام بتائیں جن کو آپ اچھے موڈ میں سنتی ہیں؟
فریحہ پرویز نے کہا کہ آج کل تو بہت سارے پسندیدہ گلوکار ہیں، ہمارے ہیرے عاطف اسلم ہیں، راحت فتح علی خان نے اپنا مقام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں مجھے اریجیت سنگھ بہت پسند ہیں انہوں نے بھارت کے میوزک کو الگ ہی رنگ دیا ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ کورونا کے دوران خیال آیا کہ کاروبار کرنا چاہیے پھر بیوٹی سیلون کھولا اور جب اپنا نام لکھا تو لوگوں نے کہا کہ صرف آپ کا نام دیکھ کر آئے ہیں۔
فریحہ نے کہا کہ اپنا گانا ہر وقت سننا نظر نہیں آتا اور مجھے اس میں عیب نظر آنے لگ جاتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں گلوکارہ نے کہا کہ انہوں نے ’بدوبدی‘ گانا سنا ہے اور جب اسٹوڈیو سے کسی کو کال بھی کرتی ہوں تو آواز آتی ہے ’اسلام و علیکم۔‘
فریحہ پرویز نے کہا کہ چاہت فتح علی خان کو گلوکار نہیں مانتی ہاں انہیں کامیڈین کہہ سکتے ہیں کیونکہ وہ ہمیں خوش کررہے ہیں اور اگر انہیں ایسا لگتا ہے تو ان کے لیے اچھا ہے۔
واضح رہے کہ فریحہ پرویز نے ’دل ہوا بو کاٹا‘ سے شہرت حاصل کی تھی اس کے علاوہ انہوں نے دیگر گانے بھی گنگنائے جنہیں مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔