کراچی کے علاقے گلشن معمار میں جعلی پولیس افسر اصل پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جعلی پولیس افسر اشفاق دکاندار سے جھگڑا کررہا تھا کہ اس موقع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس یونیفارم پہنا ملزم خود کو اے ایس آئی بتا رہا تھا۔
پولیس نے شبہ ہونے پر پوچھا تو ملزم اپنی پوسٹنگ کا واضح جواب نہیں دے سکا اور کہا درخشاں تھانے میں تعینات ہے اس کے بعد بولا کہ ڈیفنس تھانے میں تعینات ہے۔
پولیس نے مزید تفتیش کی تو ملزم نے کہا کہ وہ کرائم رپورٹر ہے لیکن اس کے متضاد بیانات سے علم ہوا وہ نہ افسر ہے اور نہ کرائم رپورٹر بلکہ وہ ٹک ٹاکر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں ملزم جعلی افسر نکلا اور اس کے پاس سے میڈیا کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے، تاہم ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی تصویر میں موجود رائفل حیدرآباد میں پولیس اہلکار سے ویڈیو بنانے کے لیے لی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔