ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

بینظیر بھٹو کا وژن مشعل راہ ہے، صدر، وزیراعظم اور بلاول کا 17 ویں برسی پر خراج عقیدت

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر نے اپنے پیغامات میں سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو امید، استقامت، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل واپستگی کا پیکر اور ہم سب کیلیے مشعل راہ تھیں۔ انہوں نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں عوام کی طاقت راج کرے گی۔ ان کے الفاظ ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ایسے پاکستان کی خواہاں تھیں جہاں ہر بچے کو تعلیم، ہر شہری کو انصاف ملے۔ وہ جمہوریت کی بحالی، استحکام، عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کیلیے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں اور ان نظریہ آج بھی زندہ ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو اور ہمارےخاندان نے جمہوریت اور پاکستان کی خاطراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی میراث ابدی اور وژن مشعل راہ ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کیلیے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ میں ان کے پُر امن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کےعزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ پاکستان کھپے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی علمبردار، مفاہمت کی مضبوط حامی اور استقامت کی علامت بنیں،۔ میثاق جمہوریت بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی پائیدار سیاسی سمجھ بوجھ کا ثبوت ہے۔ صدر زرداری، بلاول اور ان کے پیروکار فخر سے انکا وژن اور نظریات آگے بڑھا رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور بینظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو نے اپنی والدہ کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی زندگی جرات، استقامت اور پاکستانیوں کیلیے امید کی علامت تھی۔ وہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں اور ہر شہری کو مساوی مواقع اور وسائل کی فراہمی ان کا خواب تھا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانےکیلیے پُر عزم ہیں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور ملکی استحکام خطرے میں ڈالنے والوں کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلیے قوم متحد ہو جائے۔ وہ دن دور نہیں جب بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیربھٹو نے دنیا بھر میں جمہوریت، مساوات، انسانی حقوق کیلیے ایک نئی مثال قائم کی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش اور ان کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو 17 سال قبل آج ہی کے دن 27 دسمبر 2007 کو اس وقت شہید کر دیا گیا تھا جب وہ لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپس جا رہی تھیں۔ تاہم 17 برس گزر جانے کے باوجود آج تک ان کے قاتلوں کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں