ابراہیم اشک کو بولی وڈ فلم فلم ’کہو نہ پیا ر ہے‘ سے بطور گیت نگار بے مثال شہرت ملی۔ بولی وڈ کی اس کام یاب فلم میں اداکار ریتھک روشن پہلی مرتبہ بطور ہیرو اسکرین پر نظر آئے تھے۔ فلم کے نغمات بہت مقبول ہوئے اور ابراہیم اشک کا بولی وڈ میں سفر اسی فلم کی بدولت آگے بڑھا۔
ابراہیم اشک بھارت کے ان شاعروں اور اہلِ قلم میں سے ایک تھے جنھوں نے اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں لکھا۔ وہ 16 جنوری 2022ء کو ممبئی میں کورونا کی وبا میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ آج ان کی تیسری برسی ہے۔ ابراہیم اشک کو ممبئی کے نواح میں قائم ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ ہفتہ بھر زیر علاج رہنے کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئے۔
شاعری کے ساتھ ابراہیم اشک نے کہانیاں اور ٹی وی ڈراموں کے لیے اسکرپٹ بھی لکھے۔ ان کا پیشہ صحافت تھا۔ وہ ہندوستان کے متعدد اردو اخبارات سے منسلک رہے۔ ابراہیم اشک جن کا اصل نام ابراہیم خاں غوری تھا، وہ بھارت کے معروف شعرا میں سے ایک تھے۔ ابراہیم اشک نے متعدد شعری اصناف میں طبع آزمائی کی جن میں غزل اور نظم کے علاوہ دوہے اور گیت شامل ہیں۔ ان کی شاعری کے متعدد مجموعے شائع ہوئے جن میں الہام اور آگہی قابلِ ذکر ہیں۔ ابراہیم اشک نے شاعری کے علاوہ ادبی تنقید بھی لکھی۔ اقبال اور غالب پر ابراہیم اشک کی کتابیں ان کی ثروت مند تنقیدی فکر کا ثبوت ہیں۔
مقبول فلمی گیتوں کے خالق ابراہیم اشک کا تعلق اجین، مدھیہ پردیش سے تھا جہاں وہ 20 جولائی 1951ء کو پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اجین میں ہی مکمل ہوئی، بعد میں ابراہیم اشک نے ہندی ادبیات میں ایم اے کیا۔
وہ شاعری کی جانب متوجہ ہوئے تو اشک تخلّص اختیار کیا۔ بولی وڈ کی فلموں کہو نہ پیار ہے کے علاوہ کوئی مل گیا، جانشین، اعتبار، آپ مجھے اچھے لگنے لگے، کوئی میرے دل سے پوچھے وہ فلمیں تھیں جن کے گیت ابراہیم اشک نے تحریر کیے اور ان فلموں کے گیت مقبول ہوئے۔ بھارتی فلم انڈسٹری اور گائیکی کی دنیا کے معروف ناموں نے ان کے تحریر کردہ نغمات گائے اور آج بھی انھیں بہت ذوق و شوق سے سنا جاتا ہے۔
فلم کہو نہ پیار ہے، جس نے بطور نغمہ نگار ابراہیم اشک کو مقبولیت دی، اس کے گیتوں کو شاعر کی کام یابی میں اوّلین اور سرفہرست کہا جاسکتا ہے۔ اس فلم کی ہدایات ریتھک روشن کے والد راکیش روشن نے دی تھیں۔ فلم میں ریتھک روشن کے مقابل امیشا پٹیل ہیروئن کے طور پر جلوہ گر ہوئی تھیں۔ فلم کے دوسرے کرداروں میں انوپم کھیر، جونی لیور اور فریدہ جلال شامل تھیں۔ اس فلم کی کام یابی کے بعد یہ بات فلم بینوں کے لیے دل چسپی سے خالی نہ تھی کہ ہیروئن کا کردار بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کو آفر کیا گیا تھا لیکن ان کے انکار کے بعد امیشا پٹیل نے اس فلم میں کام کیا۔ فلم نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔ اس سال فلم کہو نہ پیار ہے کی ریلیز کو 25 سال مکمل ہوگئے ہیں۔