پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا، بیٹر محمد ہریرہ قومی ٹیم کیلئے ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں 3 اسپنرز کے ساتھ ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے، نوجوان محمد ہریرہ پاکستان کیلئے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔
قومی ٹیم میں انگلینڈ کی سیریز کے ہیروز اسپنر ساجد خان اور نعمان علی کے ساتھ ابرار احمد کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
کپتان شان مسعود کے علاوہ پاکستان ٹیم میں بابراعظم، محمد ہریرہ، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا شامل ہونگے، ٹیم میں واحد فاسٹ بولرخرم شہزاد پلیئنگ الیون کا حصہ ہونگے۔
دریں اثنا ویسٹ انڈیز کے خلاف کل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ایسی ٹیم بننا چاہتے ہیں جسے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا مشکل ہو۔
شان مسعود نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اگلے سائیکل کی تیاری کریں گے، محمد عباس کو کنڈیشن کی وجہ سے آرام دیا گیا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں وقفے کی وجہ سے مختلف چیلنجز سامنے آتے ہیں۔