ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اجے دیوگن اور اداکارہ مرنل ٹھاکر کی فلم ’سن آف سردار 2‘ کی سینما گھروں میں ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اجے دیوگن نے 2012 کی ایکشن کامیڈی فلم ’سن آف سردار‘ میں اپنے کردار سے مداحوں کے دل جیتے تھے، فلم میں سوناکشی سنہا، ارجن باجوہ، سنجے دت، اور جوہی چاولہ نے بھی نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
تقریباً ایک دہائی کے بعد فرنچائز نے سیکوئل بنے کا اعلان کیا جس میں اجے دیوگن مرنل ٹھاکر کے ساتھ مرکزی کردار کے طور پر واپس آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اجے دیوگن کا 3 ماہ تک اپنی بینائی چلے جانے کا انکشاف
بالی وڈ کے معروف ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ’سن آف سردار 2‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم 25 جولائی 2025 کو سینما گھروں میں آنے والی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کلیپر بورڈ کی ایک تصویر شیئر کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت شوٹنگ جاری ہے۔
اجے دیوگن کے حالیہ پروجیکٹ ’سنگھم اگین‘ کے برعکس سن آف سردار کے سیکوئل کو کسی تہوار کے بجائے ویک اینڈ سے قبل ریلیز کیا جائے گا۔
فلم میں پہلی بار اجے دیوگن اور مرنل ٹھاکر ایک ساتھ نظر آئیں گے جبکہ اس میں دیگر معاون کاسٹ بھی شامل ہے۔ سنجے دت سیکوئل میں اپنا کردار دوبارہ نبھائیں گے جس میں مکل دیو اور وندو دارا سنگھ بھی شامل ہیں۔
کاسٹ میں نئے چہرے کبرا سیٹ، نیرو باجوہ، دیپک ڈوبریال، شرت سکسینا، روشنی والیہ، اور اشونی کالسیکر بھی ہیں۔
وجے کمار اروڑہ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو جیو اسٹوڈیو اور دیوگن فلمز کے بینر تلے فلمایا گیا ہے جسے اجے دیوگن نے خود پروڈیوس کیا ہے۔