ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعل سازی اور جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عرفان قاسم ، مطیع اللہ باجوہ اور ایشور ڈار شامل ہیں۔ عرفان قاسم نامی مسافر نے یونان سفر کرنے کی کوشش کی۔ ملزم کے پاسپورٹ پر موجود یونان کا ویزہ جعلی تھا۔
ایک اور کارروائی میں قطر جانے والے مطیع اللہ باجوہ نامی مسافر کو گرفتار کیا گیا جس نے جائے پیدائش کو تبدیل کر کے ویزا حاصل کیا، ملزم قطر کے لیے سفر کا مقصد بتانے میں ناکام رہا۔ ملزم کے گزشتہ پاسپورٹس پر جائے پیدائش کی جگہ پر ٹھٹھہ ، سیالکوٹ اور کراچی درج تھا اور اس نے نامی ایجنٹ سے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات حاصل کیں۔
ایک اور کارروائی میں ایشور نامی مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا ملزم کے پاسپورٹ پہ لگا کمبوڈیا کا ویزہ جعلی تھا۔