پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے اسپن وکٹوں پر نتقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عاقب جاوید نے پریس کانفرنس میں کہا اگر یہ فیصلے پہلے لے لیے جاتے تو پاکستان ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جا سکتا تھا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کیلئے گھر میں جیتنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہے لوگ ابھی بھی تنقید کر رہے ہیں، ایسی پچز اب پاکستان کے ہر سینٹر میں بنائیں گے اور دوسری ٹیموں کیلئے پاکستان میں جیتنا مشکل بنا دیں گے۔
ملتان ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑیوں نے کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ کا دلچسپ ریکارڈ بنا لیا!
ملتان ٹیسٹ سیریز سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بیٹرز اسپن بولنگ کے خلاف کمزور ہیں لیکن لوگ اسپن وکٹوں پر بات کر رہے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کہاں جارہی ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ہر ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائدہ اٹھاتی ہے لیکن مجھے حیرت ہے لوگ ابھی بھی تنقید کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 128 رنز سے مہمان ٹیم کو ہرایا تھا، اس میچ میں پاکستانی اسپنر ساجد علی اور نعمان علی چھائے رہے۔