قومی ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ سب چاہتے ہیں کہ ہم بھارت کو ہرائیں لیکن میرا خواب چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ٹرافی اٹھانا یادگار لمحہ ہوگا میرا خواب ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی جیتیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا الگ ہی ماحول ہوتا ہے، اسے سب سے بڑا میچ قرار دیا جاتا ہے، چیمپئنز ٹرافی جیتنا زیادہ اہم ہے۔
سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے لیے پُرجوش ہیں، پاکستان ٹیم میں پوٹینشل ہے، ہم چیمپئنز ٹرافی جیت سکتے ہیں۔
قومی ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ میں کرکٹ سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، تین چار سال سے قومی ٹیم کے ساتھ ہوں، مجھے جو نیا رول دیا ہے اسے انجوائے کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ چیلنجنگ رول ہے کوشش ہے کہ اچھی پرفارمنس سے اس کو ساتھ لے کر چلوں، نائب کپتان ہونا ایک ذمے داری بھی ہے اور تھوڑی آزادی بھی محسوس ہوتی ہے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں جیت سے بہت اعتماد ملا تھا۔
اسپنر ابرار احمد نے کہا کہ اسپنر کا کردار بہت اہم ہے، کپتان سے بات کرتا رہتا ہوں، ون ڈے میں ڈسپلن بولنگ کرنی پڑتی ہے، باہر بیٹھ کر بھی بہت چیزیں سیکھنے کو ملیں۔