واشنگٹں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے امریکا میں جرائم میں اضافےذمہ دار قرار دے دیا اور کہا امریکا میں اب دوبارہ لاقانونیت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے محکمہ انصاف میں نیوز کانفرنس میں سیاسی مخالفین پر تنقید کی اور کہا بائیڈن دورمیں امریکامیں جرائم میں بڑی حدتک اضافہ ہوا لیکن بحیثیت صدرملک میں جرائم کاخاتمہ اولین ترجیح ہے
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہر امریکی شہری کی حفاظت کا عزم کرتا ہوں، امریکی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، ہم مل کر امریکا کودوبارہ عظیم بنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کےقتل میں ملوث جوہوگاسزائے موت دیں گے، میری کوشش ہوگی اہلکاروں کےقتل میں ملوث ملزمان کو جلد سزائے موت ہو، محکمہ پولیس میں محب وطن افسران کو تعینات کیا ہے۔
ٹرمپ نے بائیڈن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے مجرموں کی بجائے پولیس اہلکاروں کو ہتھکڑیاں لگائیں، اوپن بارڈر پالیسی ایسی تھی کہ ہر مجرم آسانی سے آسکتا تھا، قاتل، اسمگلر سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد ملک میں آسانی سے آجاتےتھے لیکن امریکامیں اب دوبارہ لاقانونیت نہیں ہوگی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس وقت ہماری تاریخ کا سب سے بہترین محفوظ بارڈر ہے، بارڈر کی حفاظت کرنےوالوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، شہریوں نے امریکا کو محفوظ بنانےکےلیے مجھے ووٹ دیے۔