رینجرز اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایوب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان میں وقار، محمد اسلم عرف مرغی اور سلمان عرف نانا شامل ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان انتہائی مطلوب بھتہ گینگ کے سرغنہ عبدالصمد عرف فیضان کے ساتھی ہیں، ملزمان پان چھالیہ کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث ہیں، یہ ملزمان کاروباری افراد کو غیر ملکی نمبروں سے بھتہ وصولی کے لیے فون کرتے ہیں بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم وقار نے دوران تفتیش مزید انکشافات کیے، ملزم نے 2022 عبدالصمد کے ساتھ نیو کراچی میں ماوا فروخت کرنے کا غیر قانونی کام کرتا رہا، عبدالصمد عرف فیضان ملزم کو 700 روپے روزانہ بطور معاوضہ دیتا تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق اکتوبر 2024 میں عبدالصمد عرف فیضان نے ملزم کو بین الاقوامی واٹس ایپ نمبر سے رابطہ کیا، جس میں کامران بنگالی نامی شخص کی معلومات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا گیا، ملزم ابھی تک عبدالصمد عرف فیضان سے رابطے میں تھا۔
گرفتار ملزم اسلم عرف مرغی کراچی اور اندرون سندھ میں چھالیہ کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے، ملزم عبدالصمد عرف فیضان کے دست راست سہیل کے ذریعے عبدالصمد سے دھمکی آمیز کالز کرواتا تھا لوگوں سے بھتہ وصولی کرتا تھا،
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم سلمان عرف نانا اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ملزم اس سے قبل مختلف مقدمات میں متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لئے ڈسٹرکٹ سنٹرل پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔