تھائی لینڈ کی اوپل سچاٹا چوانگسری کے سر پر مس ورلڈ 2025 کا تاج سج گیا۔
رنگ و نور سے بھرپوراس میلے میں دُنیا بھر کی 108 حسیناؤں نے حصہ لیا، اس شاندار ایونٹ میں تھائی لینڈ کی اوپل سچاتا چوانگسری نے جیت کر مس ورلڈ 2025 کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔
مس ورلڈ 2025 کو تاج کے ساتھ تقریبا ایک ملین ڈالر یعنی 28 کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم ملی۔
فائنل شو میں اوپل سچاٹا چوانگسری کو مس ورلڈ 2024 کرسٹینا پیزکووا نے تاج پہنایا، اوپل سچاتا نے ایتھوپیا، پولینڈ اور مارٹینیک کے مدمقابلوں کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
اوپل سچاٹا چوانگسری ایک ماڈل ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعلقات کی طالبہ بھی ہیں، اوپل اس سے پہلے بھی کئی مقابلہ حسن جیت چکی ہیں۔
انہوں نے میکسیکو سٹی میں انٹرنیشنل مس یونیورس 2024 میں حصہ لیا، اس کے بعد انہوں نے مس ورلڈ تھائی لینڈ 2025 کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سال کا مس ورلڈ تاج خاص طور پر منفرد ہے، اس تاج میں 1,770 ہیرے جڑے ہیں، جن کا مجموعی وزن 175.49 کیرٹ ہے، یہ 18 کیرٹ سفید سونے میں تیار کیا گیا ہے اور اس کی مالیت تقریباً 3 کروڑ روپے ہے۔