مظفر آباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ امتیاز احمد کو توہین عدالت پر 3 دن قید کی سزا سنا دی۔
سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے جج راجہ امتیاز احمد کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دیا، فل بینچ نے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں فیصلہ سنایا۔
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور وقار کو مجروح کرنے پر سزا سنائی گئی۔ سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے ریماکس دیے کہ جج راجہ امتیاز احمد نے منشیات کے مجرم کو خلاف قانون بری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رشوت لینے کے جرم میں سپریم کورٹ کے جج کو سزا ہوگئی
واضح رہے کہ منشیات کیس میں ملزم کی ضمانتیں پہلے ہی سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے مسترد ہو چکی تھیں۔ جج نے سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف 16 فروری 2023 کو ملزم کو بری کیا۔
عدالت نے کہا کہ ملزم بری ہوتے ہی بیرون ملک فرار ہوگیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ دوبارہ ضمانت صرف سپریم کورٹ سے لی جا سکتی ہے۔